آپ کا آنا بین الاقوامی سازش تھی جانا تمہاری غلطیوں کا نتیجہ ہے
06:58 PM, 31 Mar, 2022
اسلام آباد: سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ عمران خان ایک بار پھر قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا تھا ، آپ الزام لگا رہے ہو کہ غیر ملکی سازش آپ کے خلاف ہورہی ہے، اس سے قبل کسی وزیر اعظم کی ایسی غیر ذمہ دارانہ گفتگو نہیں سنی۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کافی دنوں بعد قوم کو ایک بار پھر عمران خان کی گوہر افشانیاں سننے کو ملی ہیں، عمران خان ایک بار پھر قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا تھا ، اب تمہیں کنٹنیرز کی زبان نجات دلانے کے لئے کافی نہیں ہے،قوم آپ ایسی باتیں سنتے سن ہوچکی ہے ۔ پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ بار بار دوسروں کو چور کہہ رہے مگر ثابت نہ کرسکے ہو ، آپ اتنے نااہل ہیں کہ کوئی رقم واپس نہ لاسکے ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ الزام لگا رہے ہو کہ غیر ملکی سازش آپ کے خلاف ہورہی ہے ،اس سے قبل کسی وزیر اعظم کی ایسی غیر ذمہ دارانہ گفتگو نہیں سنی ، آپ کا آنا بین الاقوامی سازش تھی جانا تمہاری غلطیوں کا نتیجہ ہے۔اگر یہ خط اتنا ہی خطرناک ہے تو امریکی سفیر کو بلاکر احتجاج کیوں نہیں کیا گیا ، یہ خط نہیں سفارتی کیبل ہے ، اپنے سفیر کو بلاکر کیوں نہیں پوچھا گیا ، اوآئی سی اجلاس میں امریکی نمائندے کو کیوں بلایا گیا ۔ فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ سے ملاقات پر آپ نے خوشی منائی تھی کہ ورلڈ کپ جیتا، اس امریکی صدر نے آپ کو فون نہیں کیا تو آج امریکہ آپ کا مخالف ہوگیا ، میں جب امریکہ کو للکار رہا تھا تو آپ امریکہ اور پرویزمشرف کے بوٹ چاٹ رہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج عمران خان فوج کو متنازعہ بنانا چاہتا ہے ،آئی ایس آئی کے چیف کی تقرری کس کے کہنے پر بے توقیری کی ، اب سن لو تمہارے بہانوں اور نشانوں کی سیاست ختم ہوچکی ، اب تمہاری عیاشیوں کا دور ختم ہوچکا ہے ، کل تک سب کا احتساب کرنے والے خوداحتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہونے والا ہے۔