پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر منا رہی ہے

10:54 AM, 31 Mar, 2024

ویب ڈیسک:پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے، گرجاگھروں میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہوا۔

 تفصیلات کے مطابق ایسٹر پرمسیحی عبادت گاہوں میں خصوصی دعائیں کی گئیں، مسیحی برداری کے مقدس تہوار پر گھروں میں مزے مزے کے پکوان بنا کر دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر کے گرجا گھروں میں سکیورٹی کے انتظامات بھی سخت ہیں۔

لاہورمیں ایسٹر کی دعائیہ تقریبات کا آغاز رات سے ہی شروع ہو گیا، دعائیہ تقریبات کے بعد دوستوں اور رشتہ داروں سے ملاقاتیں کی جارہی ہیں اور مسیحی برداری کے افراد رشتہ داروں اور دوستوں کو خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے کیک بھجوا رہے ہیں۔

جھنگ کے گرجا گھروں میں ایسٹر پر عبادات کا اہتمام کیاگیا اور خصوصی دعاؤں کے علاوہ شرکا نے گیت بھی گائے۔

فیصل آباد، گوجرہ، ملتان،  بہاول پور بھکر، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی ایسٹر پر خصوصی عبادات کی گئیں، اس کے بعد دعوتوں کا سلسلہ شروع ہوا جس میں مزے مزے کے کھانوں سے تواضع کی گئی۔

کراچی ، حیدر آباد میں بھی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ  سکھرمیں مرکزی تقریب سینٹ سیویئر چرچ میں ہوئی جس میں مسیحی برادری نے ملکی ترقی، امن اور بھائی چارے میں اضافے کے لیے دعائیں کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرکا کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت برابر حقوق حاصل ہیں اور اس وقت حضرت مسیح کے پیار، امن اور قربانی کے سبق کو پھیلانے کی اشد ضرورت ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، ہمارے مسیحی بھائیوں اور بہنوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ ایسٹر کا تہوار امید، محبت اور خوشحالی کا پیغام لاتا ہے، آج ہم پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہیں، آئین پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کو مذہبی آزادی سمیت تمام بنیادی سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق حاصل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف

ایسٹر 2024 کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسٹر کے تہوار پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایسٹر کا دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیار، رواداری اور عفو و درگزر کے پیغام پر غور کرنے اور اس کو اپنانے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے، انہی اقدار کو اپناتے ہوئے ہم آج کی تنازعات سے بھری اس دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پرمسرت موقع پر میں پاکستان کے قیام اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کی جدوجہد میں اپنی مسیحی برادری کے کلیدی کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دن ایک بار پھر سے ہم اپنی تمام اقلیتوں کی سماجی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہماری تمام مسیحی برادری کو پُرامن ایسٹر کی مبارکباد! پاکستان پائندہ باد ۔"

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ  ایسٹر کا تہوار امید و تجدید کے ساتھ ساتھ روحانی و سیاسی منظرنامے میں بھی اہم ہے،  شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے اور 1973 کے آئین کے اصولوں کی روشنی میں ہر شہری کو قیمتی اثاثہ سمجھتے ہیں اور روشن و خوشحال مستقبل کی جانب قدم بہ قدم سفر کرتے ہوئے متحد ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ انتھونی نوید کو سندھ اسملبی کا ڈپٹی سپیکر اور روما مشتاق مٹو کو ایم پی اے منتخب کرانا پیپلزپارٹی کےمتنوع اور شمولیت کے عزم کو مزید عیاں کرتا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور 

ایسٹر کا تہوار،پنجاب پولیس ہائی الرٹ،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کرسچین کمیونٹی کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے، ایسٹر پر پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں،مذہبی، دعائیہ تقریبات کے دوران مسیحی برادری کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے کہا کہ  لاہور سمیت صوبہ بھر میں ایسٹر کے 2649 پروگرامز کی سکیورٹی پر 11 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان فرائض انجام دے رہے ہیں،لاہور میں ایسٹر کے پروگراموں کی سکیورٹی پر 02 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہیں،حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری،سنائپرز اور پولیس کمانڈوز تعینات ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شرکا کو مکمل چیکنگ اور شناخت کے بعد ہی گرجا گھروں میں داخلے کی اجازت دی جائے،پولیس اور کمیونٹی رضا کار انتہائی چوکس رہیں،مشکوک افراد، سامان، اطراف کی نقل و حرکت پرکڑی نظر رکھیں،سپروائزری پولیس افسران گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔

آئی جی پنجاب  نے مزید کہا ہے کہ آر پی اوز،  سی پی اوز، ڈی پی اوز، پولیس افسران گرجا گھروں کی انتظامیہ سے مسلسل رابطہ میں رہیں،ڈولفن، پی آریو،ایلیٹ فورس کے جوان حساس گرجا گھروں کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں، ایسٹر کی دعائیہ تقریبات کے اختتام تک کوئی بھی اہلکار اپنا ڈیوٹی پوائنٹ ہر گز نہ چھوڑے۔

مزیدخبریں