پبلک نیوز: پاک فوج کی جانب سے 'علم تولو دا پارہ' کے تحت شمالی وزیرستان کی تحصیل دوسلی اور رزمک کے نوجوانوں نے لاہور اور اسلام آباد کے تفریحی اور تعلیمی مقامات کا دورہ کیا،دورے کا مقصد علم تولو دا پارہ یعنی ' تعلیم سب کےلیے ' پروگرام کے تحت شمالی وزیرستان کے نوجوانوں میں تعلیمی شعور اجاگر کرنا ہے.
تفصیلات کے مطابق نوجوانوں نےلاہور میں واہگہ بارڈر, مینار پاکستان, مزار اقبال, بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کا دورہ کیا،واہگہ بارڈر کی تقریب کے دوران نوجوان خوب محظوظ ہوئے اور فضا حب الوطنی کے نعروں سے گونج اٹھی۔
نوجوانوں کو اسلام آباد میں پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری, پاکستان مونومنٹ میوزیم, لوک ورثہ میوزیم اور لیک ویو پارک کا دورہ کروایا گیا،لوک ورثہ اور پاکستان مونومنٹ کے دورے سے نوجوانوں کو تحریک آزادی میں دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کیا گیا۔
شمالی وزیرستان کے نوجوانوں نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی ایسے دورے کروانے کی خواہش کا اظہار کیا۔