الخد مت فاؤنڈیشن کا 2ہزار یتیم بچوں ، 1 ہزار بیواؤں ، سینکڑوں بزرگوں کیلئے گرینڈ افطار کا انعقاد

08:06 PM, 31 Mar, 2024

notype

(ویب ڈیسک )   الخدمت فاؤنڈیشن کے کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت 2 ہزار یتیم بچوں اور 1 ہزار بیواؤں اور اولڈ ایج ہوم کے سینکڑوں بزرگوں کیلئے گرینڈ افطار  کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق   الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان   کے  کفالت یتامیٰ پروگرام  کے تحت  2 ہزار یتیم بچوں،بیوہ خواتین اور اولڈ ایج ہومز میں رہنے والے بزرگ افراد کے لیے گرینڈ افطار اورعیدتحائف کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔

 تقریب میں  شریک بچوں کے لئے جمپنگ کیسل،فیس پینٹنگ، میجک شو اور بچیوں کے لئے مہندی کے اسٹال کا خاص اہتمام کیا گیا تھاجبکہ  بعد ازاں بچوں ، اُن کی ماؤں اور معمر افراد میں عیدی، کپڑے اوردیگر تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ 

تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن،نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، صدر وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی،صدر الخدمت لاہور حماد احمد رشید سمیت یوتھ سوسائٹیز کے نمائندگان، یتیم بچوں،اُن کی باہمت ماؤں اور اولڈ ایج ہوم کے بزرگوں سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں  شرکت کی۔

تقریب میں میزبانی کے فرائض سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی نے سر انجام دیے۔ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن 30 ہزار یتیم بچوں کی کفالت پرسالانہ اڑھائی ارب روپے خرچ کررہی ہے،آرفن کی باہمت ماؤں اور بزرگوں کے لئے مختلف پراجیکٹس کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جاتا ہے۔ایسی تقاریب کا مقصد آرفن بچوں، ان کی باہمت ماؤں اور اولڈایج ہومز میں مقیم بزرگوں میں احساس محرومی ختم کرکے انھیں رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے، رمضان میں آرفن بچوں کیلئے اضلاع،ریجن اور مرکزی سطح پر مختلف افطارپروگرامات منعقدکئے جاتے ہیں ان باہمت بچوں کو عیدکی خریداری کروائی جاتی ہے تاکہ یہ اپنے والدین کی کمی کوکم محسوس کریں۔

انہوں نے کہا کہ   یتیم بچے اوریہ بے گھر بزرگ افراد ہمارے معاشرے کا توجہ طلب طبقہ ہیں۔الخدمت کے والنٹیرز  کی جانب سے اِن کے لیے کی جانے والی کاوشیں اور اقدامات قابل تحسین ہیں۔ ہمیں اس نیک مقصد کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر مل کر معاشرے کے اس نادار اور مستحق طبقے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ اس وقت غزہ تباہی کے دھانے پر 22 لاکھ افراد محصور اور ہماری امداد کے منتظر ہیں الخدمت فاؤنڈیشن مسلسل غزہ ریلیف کیلئے سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے ایک ارب 70 کروڑ سے زائد مالیت کا امدادی سامان ہم مختلف ذرائع سے غزہ بھجوا چکے ہیں، جبکہ امدادی سامان کی ترسیل مسلسل جاری ہے۔

 ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ رمضان اور عید کی خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک کرنا یتیم بچوں اور بے سہارا معمر افراد کا بھی حق ہے۔اِسی  احساس کے ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار ہر سال کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات کے ساتھ مل کر یتیم بچوں، اُن کی ماؤں اور اولڈ ایج ہوم کے بے گھر خواتین و حضرات کے لیے افطار اور عید تحائف کا اہتمام کرتے ہیں۔عید کے تحائف کا اہتمام الخدمت کے رضاکار کرتے ہیں اور بچوں کے لیے ایسا خوبصورت میلہ لگاتے ہیں تاکہ انہیں بھی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے۔

مزیدخبریں