’’علی ظفر رپورٹ میرے حق میں ہے‘‘

05:38 AM, 31 May, 2021

حسان عبداللہ

لاہور(پبلک نیوز) بنکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع کر دی۔ عدالت نے جہانگیر ترین کی عبوری ضمانت مدت ختم ہونے پر طلب کر رکھا تھا۔

کورٹ میں حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جہانگیر ترین نے کہا عمران خان نے علی ظفر کو کہا کہ انویسٹی گیشن کریں، علی ظفر نے انویسٹی گیشن مکمل کرلی ہےلیکن ابھی تک بتایا نہیں گیا کہ رپورٹ میں کیا ہے، اطلاع ہے کہ رپورٹ میرے لیے مثبت ہے۔ علی ظفر نے رپورٹ میں جو کہا ہے اس پر ایکشن لیا جائے، تمام دوستوں نے وزیراعظم سے بات کی تھی، علی ظفر نے بڑی محنت سے رپورٹ مکمل کی، امید تھی رپورٹ منظرعام پر آجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انصاف جب تاخیر کا شکار ہو تو انصاف نہیں ملتا، رپورٹ سے متعلق کچھ باتیں معلوم ہیں لیکن ابھی بات نہیں کرنا چاہتا، میری کسی بھی حکومتی ذمہ دار سے ملاقات نہیں ہوئی، ہم اپنا کیس عدالتوں میں لڑ رہے ہیں، ہمارے ساتھ سیاست نہیں انصاف کیا جائے۔

دوسری جانب نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کیجانب سے درج مقدمے میں ضمانت نہیں کرواؤں گا، کل اسی غرض سے گرفتاری دینے تھانے گیا تھا۔

مزیدخبریں