چاہتے ہیں عید الاضحیٰ پر بندشیں نہ لگانی پڑیں: اسد عمر

01:56 PM, 31 May, 2021

شازیہ بشیر

اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال کے باعث حکومت کو سخت فیصلے کرنے پڑے۔ سخت فیصلوں کے باعث کورونا کیسز میں کمی نظرآئی۔ پاکستان میں اب کورونا کیسز کی مثبت شرح4فیصد پر آگئی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی مثبت شرح10فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے کاسلسلہ تیز ہوگیاہے۔ جون اور جولائی میں 2کروڑ ویکسین میسر ہوں گی۔ 18سال سے زائد افراد کے لیے مفت ویکسین میسر ہوگی۔پاکستان میں7کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔

وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا کہ پڑوسی ممالک کی نسبت کورونا سے پاکستان میں کم نقصان ہواہے۔ چاہتےہیں بڑی عید سے پہلے ایسی صورتحال پر پہنچیں تاکہ بندشیں نہ لگانا پڑیں۔ ویکسین سے متعلق صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہیں۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ 3لاکھ ویکسین لگائی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچنے کا واحد راستہ ویکسی نیشن ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ ویکسین لگوائیں۔ پاکستان میں اب تک 70لاکھ سے زائد ویکسی نیشن کی جاچکی ہے۔

مزیدخبریں