ویب ڈیسک: مشہور ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کو پاکستان میں بے حد پسند کیا۔ ڈرامہ سیریل کو اس وقت اور بھی زیادہ عروج ملا جب حکومت پاکستان نے اردو زبان میں ڈبنگ کر کے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر چلانے کا اعلان کیا۔
ارطغرل غازی بطور ڈرامہ سیریل تو سب کو پسند آیا ہی آیا لیکن میں کام کرنے والے کرداروں نے بھی خوب پذیرائی حاصل کی۔ ان کردار میں سب سے زیادہ پذیرائی حلیمہ سلطان کے کردار کو ملی۔ حلیمہ سلطان کا کردار ترک اداکارہ اسرا بلگیج نے ادا کیا۔ لیکن اس کردار کے لیے اردو ڈبنگ میں آواز کس کی ہے؟
یہ آواز پاکستان وائس اوور آرٹسٹ ربیعہ راجپوت کی ہے۔ ربیعہ راجپوت نے صداکاری میں اپنے نام کا لوہا منوایا اور خواہاں ہیں کہ اسرا بلگیج بھی ان کے کام کی تعریف کریں۔ اس خواہش کا اظہار انھوں نے ایک ویب سائٹ کو دیئے جانے والے انٹرویو میں کیا۔
انٹرویو کے دوران انھوں نے بتایا کہ آغاز میں صداکاری کے لیے پروڈکشن ہاؤس نے آڈیشن کی کال کی تو وقت نہ ہونے کی بنا پر انھوں نے صاف جواب دے دیا۔ بعد ازاں جب ان کو احساس ہوا کہ یہ ایک بڑا پروجیکٹ ہے لہذا اس اہمیت کو سمجھتے ہوئے انھوں نے رضا مندی ظاہر کر دی۔
ربیعہ راجپوت کی خواہش ہے کہ وہ ترکی جا کر ڈرامہ کے کرداروں سے ملاقات کریں۔ ان کا پسندیدہ سین حلیمہ کے گھر بیٹوں کی پیدائش والا ہے جبکہ چوتھے سیزن میں ارطغرل مشکلات سے جب واپسی لوٹتے ہیں تو اس دوران وہ رو پڑی تھی۔