ویب ڈیسک: آئی فون 16 سیریز کے ماڈلز چند ماہ بعد متعارف کرائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایپل کے نئے آئی فونز چند ماہ بعد متعارف کرائے جائیں گے اور یہ کمپنی نئی ڈیوائسز کے بارے میں بات کرنا پسند نہیں کرتی۔مگر آئی فون 16 سیریز کے بارے میں مسلسل لیکس سامنے آ رہی ہیں جن سے کافی حد تک اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس سال کے آئی فونز کیسے ہوں گے۔
لیکس پر مبنی تفصیلات کو مصدقہ تو نہیں کہا جا سکتا مگر ہر سال اس طرح کی رپورٹس عموماً درست ثابت ہوتی ہیں۔تو یہ جانیں کہ اس سال کے نئے آئی فونز کیسے ہوں گے۔
بیزل کو مزید کم کیا جائے گا
ایک لیک کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 16 ماڈلز کے لیے نئی اسکرین ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا جس سے کناروں کی پٹی یا بیزل کو کم رکھنے میں مدد ملے گی۔
ایپل کی جانب سے عموماً پرو ماڈلز کے ڈسپلے کو اپ گریڈ کیا جاتا ہے اور پھر سستے ماڈلز پر کام کیا جاتا ہے۔
پرو ماڈلز کی اسکرین پہلے سے زیادہ بڑی ہوگی
2020 سے آئی فون پرو ماڈلز کے اسکرین سائز میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی۔
آئی فون 12 پرو میں 6.1 انچ جبکہ 12 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا گیا تھا مگر آئی فون 16 پرو ماڈلز میں اس حوالے سے تبدیلی لائی جا رہی ہے۔
لیکس کے مطابق آئی فون 16 پرو کا ڈسپلے 6.3 انچ جبکہ 16 پرو میکس کا ڈسپلے 6.9 انچ کا ہوگا۔
اس کے مقابلے میں آئی فون 16 اور 16 پلس کا ڈسپلے سائز گزشتہ سال کے ماڈلز جتنا ہی ہوگا۔
آئی فون 16 میں 6.1 انچ جبکہ 16 پلس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے موجود ہوگا۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو متعدد کمپنیوں نے اپنے اسمارٹ فونز کا حصہ بنایا ہے اور ایپل کی جانب سے بھی ایسا کیا جا رہا ہے۔
مختلف لیکس میں نئے آئی او ایس 18 کو آئی فونزکی تاریخ کی سب سے بڑی سافٹ وئیر اپ ڈیٹ قرار دیا گیا ہے۔
آئی او ایس 18 میں جنریٹیو اے آئی فیچرز صارفین کو دستیاب ہوں گے جن سے میسجز ایپ اور ڈیجیٹل اسسٹنٹ Siri کو بہتر بنایا جائے گا۔
ایسا بھی کہا جارہا ہے کہ اس مقصد کے لیے ایپل کی جانب سے اوپن اے آئی سے معاہدہ کیا جا رہا ہے تاکہ چیٹ جی پی ٹی پر مبنی اے آئی فیچرز کو آئی فون 16 سیریز کا حصہ بنایا جا سکے۔
مارچ میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 16 سیریز میں ایک نئے ایکشن بٹن کا اضافہ کیا جائے گا۔کیمرا سسٹم پہلے سے بہتر ہوگاآئی فون 16 پرو اور 16 پرو میکس دونوں میں 5 ایکس ٹیلی فوٹو لینسز کا اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔
ایک لیک کے مطابق اس سال چاروں آئی فون ماڈلز میں نئی اے 19 چپ موجود ہوگی۔البتہ پرو ماڈلز میں اے 18 بائیونک پرو جبکہ دیگر ماڈلز میں اے 18 چپ استعمال کی جائے گی۔
ایپل کی جانب سے عموماً ہر سال ستمبر میں ایک ایونٹ کے دوران نئے آئی فون ماڈلز متعارف کرائے جاتے ہیں۔
ایسا ہی اس سال بھی کیے جانے کا امکان ہے اور ستمبر میں ہی نئے آئی فونز متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔