فارن فنڈنگ ، دہشتگردی مقدمات:عمران خان کی ضمانت میں توسیع
05:55 AM, 31 Oct, 2022
ممنوعہ فارن فنڈنگ اور دہشت گردی کےمقدمات میں سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کوضمانت میں توسیع مل گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی فارنگ فنڈنگ کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت بینکنگ کورٹ اسلام آباد کی جج رخشندہ شاہین نے کی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے وکلا نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ بینکنگ کورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، تھانہ ترنول میں عمران خان کے خلاف درج دہشتگردی کے مقدمے میں عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کی عدالت میں پیش ہوئے، بابراعوان نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی۔ عدالت کی جانب سے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 9 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔