غیرقانونی مقیم افرادکےپاکستان چھوڑنے کا آج آخری دن

01:54 PM, 31 Oct, 2023

احمد علی
اسلام آباد: غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کی مہلت کا آج آخری روز ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کی تیاری مکمل کر لی۔ اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن نہیں بڑھائی جائے گی، سکیورٹی فورسز نے میپنگ اور جیو فینسنگ کرکے مشکوک افراد کی نشاندہی کرلی جبکہ وطن واپس جانے والوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔ نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انخلا کا معاملہ غیر قانونی مقیم افراد کیخلاف ہے کسی مخصوص گروہ کیخلاف نہیں، ہمارے اوپر کوئی فارن پریشر نہیں نہ ہم پریشر لیتے ہیں، دنیا کا کوئی بھی ملک بغیر ویزے کے رہائش کی اجازت نہیں دیتا جو بھی ویزے کے بغیر غیر ملکی ہو گا اسے واپس بھیجیں گے۔ نگران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہم نے جیو فینسنگ کی ہے، لگ بھگ دو لاکھ کے قریب غیرملکی واپس جا چکے ہیں، ہولڈنگ سینٹر میں فوڈ، ہیلتھ کی سہولیات دیں گے، جس نے پاکستان آنا ہے ویزا لیکر آئے، یہ تاثرغلط ہے کہ صرف افغانستان کے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے، غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو قریبی بارڈر تک پہنچایا جائے گا۔ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہم سیاسی حکومت نہیں نہ کوئی ہمارا سیاسی ایجنڈا ہے، سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے سے بات چیت کیلئے ہماری مدد کی ضرورت نہیں، سیاسی جماعتوں نے ابھی تک ایسی کوئی ہم سےخواہش ظاہرنہیں کی، شفقت محمود سے ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی۔
مزیدخبریں