نگران حکومت ملک کے معاشی استحکام، ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے،نگران وزیر اعظم
03:46 PM, 31 Oct, 2023
لاہور: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت ملک کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ کوئی بھی قوم تعلیم کے زیور سے بہرہ مند ہوئے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی ۔ انسٹی ٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر کے پہلے کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہاکہ اس تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے ۔تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس کو استعمال میں لا کر ملک کی تقدید بدلی جا سکتی ہے۔تعلیم کے حصول سے نہ صرف انفرادی بلکہ اجتماعی طور پر معاشرتی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔معاشرے میں مساوات،انصاف کے فروغ اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ حکومت یکساں تعلیم کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی طلبہ نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔اپنے معاشرے کی بہتری کے حوالے سے ان پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو خاص طور ان معاشرے کے محروم افراد کا خاص طور سے خیال رکھیں اوراپنی صلاحیتوں کو ان کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے بروئے کار لائیں۔تعلیم یافتہ افراد کی منفرد ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔خوش قسمتی سے پاکستان میں نوجوان کی تعداد بھی زیادہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کا رلایا جا سکے۔ اس حوالے سے اساتذہ کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ کواعلیٰ اور فنی تعلیم سے بہرہ ور کر کے ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔تعلیم کے ذریعے ہی ہم اپنے معاشرے میں تحمل اور افہام و تفہیم کی فضا پید ا کرسکتے ہیں اور مساوات اور انصاف جیشے اصولوں کی پاسداری کر سکتے ہیں۔ہمیں دنیا کے ساتھ چلنے کے لیے ہر شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنا نا ہوگا ورنہ ہم دنیا سے بہت پیچھے رہ جائیں گے۔آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دے کر نہ صرف مقامی طور پرریونیو پیدا کیا جا سکتا بلکہ کثیر زر مبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔ نگران وزیرا عظم کا کہنا تھا کہ زراعت کا شعبہ ملکی ترقی میں ریڑ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ہمیں اپنی زراعت کو روایتی طریقے سے ہٹ کر اس شعبہ میں جدیدیت اور ریسرچ کو اپنانا ہو گا ۔جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر ہم زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کر کے درآمدات میں کمی لا سکتے ہیں ۔ انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پاکستان متنوع صلاحیتوں کا حامل ملک ہے جو وسائل سے مالا مال ہے ۔یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہمارے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو درست انداز میں بروئے کا ر لایا جائے۔ اللہ تعالی نے پاکستان کو منفرد محل وقوع اور مختلف موسموں سے نواز ا ہے ۔یہاں ہر قسم کی زرعی اجناس پیدا کر کے ریونیو میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ کسانوں کو رہنمائی فراہم کر کے اس کو خوشحال بنایا جاسکتا ہے۔زرعی اجناس کے اضافہ کے لیے ہائبرڈ ٹیکنالوجی کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ہم آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دے کر نہ صرف آئی ٹی گریجوایٹس میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ اس سے زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔ہمارے پاس دنیا کے بہترین آئی ٹی پروفیشنلز موجود ہیں۔