ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز کی جانب سے بنوں کے علاقہ بکاخیل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، اس دوران 8 خوارج مارے گئے جبکہ 7 زخمی کردیے گئے۔ تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلہ میں ایک میجر اور دو سپاہی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آپریشن کے دوران شہید میجر عاطف خلیل آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے، ان کے ساتھ نائیک آزاد اللہ اور لانس نائیک غضنفر عباس بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
میجرعاطف خلیل شہید
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر عاطف خلیل شہید کا تعلق ضلع سدھنوتی آزاد کشمیر سے ہے اور ان کی عمر 31سال ہے۔
میجر عاطف خلیل شہید نے 8 سال سے زائد عرصے تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، انہوں نے سوگواران میں والدین، بہن بھائی، اہلیہ اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔
نائیک آزاد اللہ شہید
ضلع بنوں کے علاقے بکا خیل میں شہید ہونے والے نائیک آزاد اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے اورعمر 36 سال ہے ۔
نائیک آزاد اللہ شہید نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن عزیز کا دفاع کیا ۔نائیک آزاد اللہ شہید کے سوگواران میں اہلیہ ، 2بیٹے اور بیٹی شامل ہیں .
لانس نائیک غضنفر عباس شہید
ضلع بنوں کے علاقے بکا خیل میں شہید ہونے والے35 سالہ لانس نائیک غضنفر عباس شہید کا تعلق ضلع لیہ سے ہے ،انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کےدفاع کا فریضہ سرانجام دیا ۔نائیک غضنفر عباس شہید کے سوگواران میں اہلیہ، بیٹی اور 1 بیٹا شامل ہیں