سانحہ کارساز کیس: ملزمہ نتاشہ کو کیس سے بری کردیا گیا

01:29 PM, 31 Oct, 2024

ویب ڈیسک: کراچی سٹی کورٹ نے کارساز حادثہ کیس میں متاثرین کے حلف نامے قبول کرتے ہوئے ملزم نتاشہ کو کیس سے بری کردیا۔

کراچی میں سٹی کورٹ میں کارساز حادثہ کیس کی سماعت ہوئی۔

وکیل صفائی نے بتایا کہ ملزمہ نتاشہ علیل ہیں، پیش نہیں ہوسکتیں، جس پر عدالت نے کہا کہ ملزمہ کو 2 بجے تک پیش کیا جائے، جس کے بعد عدالت نے سماعت 2 بجے تک ملتوی کردی۔

بعدازاں عدالت نے متاثرین کے حلف نامے قبول کرلیے اور ملزمہ نتاشہ کو کیس سے بری کردیا۔

یاد رہے کہ 26 اکتوبر کو سانحہ کارساز حادثہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی تھی، متاثرین کے اہلخانہ نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرایا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ہم اللہ کی رضا کے لئے نتاشا کو معاف کرتے ہیں۔

اس سے قبل کارساز حادثہ کیس کی مرکزی ملزم نتاشہ دانش اور جاں بحق ہونے والے دو افراد کے لواحقین کے درمیان معاہدہ کی خبر ستمبر میں آئی تھی۔ جس کے مطابق نتاشہ کے اہل خانہ نے آمنہ کے اہل خانہ کو ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد دیت کے طور پر پے آرڈر کے ذریعے رقم ادا کی تھی۔

واضح رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جب کہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے، عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ جیپ چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھیں۔

مزیدخبریں