33

“آنسو گیس کی شیلنگ اور گرفتاریاں جعلی حکومت کے اوچھے اور ظالمانہ ہتھکنڈے ہیں”

پبلک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین کی حمایت کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین پر تشدد، آنسو گیس کی شیلنگ اور گرفتاریاں جعلی حکومت کے اوچھے اور ظالمانہ ہتھکنڈے ہیں۔

مریم نواز کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی قربانیاں ظالم، عوام دشمن، ووٹ چور اور کمیشن خور حکومت کے خاتمے کی نوید ہے۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلی حکومت ہے جس نے چارگنا مہنگائی کے باوجود تین سال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں ایک روپے کا بھی اضافہ نہیں کیا، مغربی جمہوریت کے دعویدار کا آمرانہ چہرہ آج پوری قوم نے دیکھ لیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سرکاری ملازمین کے حقوق اور ان پر تشدد کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، گرفتار سرکاری ملازمین کو فی الفور رہا اور مطالبات کو تسلیم کیاجائے، جعلی حکمران اتنا ظلم کریں جتنا خود سہہ سکیں.

ان کا کہنا تھا کہ 126 دن اسلام آباد میں دھرنہ دینے والے سے سرکاری ملازمین کا جائز احتجاج برداشت نہیں ہورہا، تنخواہوں میں اضافے اور جائز مطالبات کرنے والے ملازمین پر تشدد بے رحم اور ظالم حکمرانوں کی پہچان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں