سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا آغاز کل سے ہو گا

کراچی (پبلک نیوز) انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا آغاز کل سے ہو گا۔ بارہویں جماعت کا کل پہلا پرچہ طبیعیات کا ہوگا۔ پرچے کا دورانیہ دو گھنٹے کا ہوگا۔ پرچے کا وقت 9.30 سے 11.30 تک ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس صرف اختیاری مضامین کا پرچہ لیا جارہا ہے۔ بارہویں جماعت کے پری میڈیکل کے طلبا 4 جبکہ پری انجینئرنگ کے طلبا 3 پرچے دینگے۔ رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 12 ہزار 600 طلبا امتحان میں شریک ہونگے۔

مجموعی طور پر 210 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جس میں سے 66 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ صبح کی شفٹ میں 114 جبکہ شام کی شفٹ میں 96 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ رواں سال پرچے 50 فیصد کثیر الانتخانی سوالات، 30 فیصد مختصر جبکہ 20 فیصد تفصیلی سوالات کے جوابات پر مشتمل ہونگے۔

امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، 2 شکایتی سیل بھی قائم کئے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز کے قریب تمام فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں بند ہونگی۔ نقل کی روک تھام کے لئے ایف ائی اے کے سائبر ونگ کو خط لکھا گیا ہے۔

کسی بھی طالبعلم کو موبائل فون یا کسی بھی قسم کی الیکٹرونک ڈیوائس لانے کی اجازت نہیں ہوگی، بصورت دیگر پرچہ منسوخ کردیا جائے گا۔ 16 رکنی ویجلینس ٹیم بنائی گئی ہے جو مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کرے گی،210 ویجیلینس افسر بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔

پرچہ آؤٹ نہ ہونے کے لئے اسکول پرنسپل اور ویجلینس آفیسر کو احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ حساس امتحانی مراکز کی نگرانی کے لئے ڈی جی رینجرز کو بھی خط لکھا گیا ہے۔ کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں