نیوزی لینڈ کے 18 سال بعد دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

کراچی (پبلک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کا یہ 18 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

شیڈول کے مطابق مہمان ٹیم 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ سیریز میں شامل تینوں ون ڈے میچز راولپنڈی اور پانچوں ٹی ٹونٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تین میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے پہلے تین میچز 25، 26 اور 29 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ آخری دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز یکم اور تین اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ نیوزی لینڈکی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال دوبارہ پاکستان آئے گی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا بہترین آغاز ہو گا۔ خوشی ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہماری درخواست پر دورے میں دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے اضافے پر آمادگی ظاہر کی۔

ان کا کہنا ہے کہ مہمان ٹیم کا دورہ پاکستان شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کرنے اور پاکستان کو ایک محفوظ اور پرامن ملک ثابت کرے گا۔

چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کے آغاز میں پاکستان کا دوبارہ دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔ ہمارے پی سی بی کے ساتھ دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ خوشی ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں