عمران خان کو پاکستانی عوام سے نہیں مشین سے ووٹ مل سکتے ہیں

لاہور ( پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کو یقین ہوچکا ہے کہ پاکستان کے عوام نہیں، انہیں ووٹ صرف مشین کی دھاندلی سے ہی مل سکتا ہے ، پاکستان کے عوام وہ نتیجہ کبھی قبول نہیں کریں گے جو ان کے ووٹ سے برآمد نہ ہو، عمران صاحب مشینوں کے ڈرامے سے فرصت ملے تو عوام کی مہنگائی کی خبر بھی لیں ، عمران صاحب ووٹ چوری کے منصوبے سے فرصت ملے تو اغوا ہوتے صحافیوں پر بھی غور کریں ۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ کمرے میں ہونے والی ٹیسٹنگ مسترد کرتے ہیں، اس میں پارلیمان اور اپوزیشن کی رائے شامل نہیں ،ریٹرنگ افسران، انتخابی عملے کو اغوا اور ووٹ کے تھیلے چرانے والے اب مشینوں کے معائنے کا ڈرامہ کررہے ہیں، کیا الیکڑانک ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغوا کی سوچ روک سکتی ہیں؟، عمران صاحب مشینوں کے معائنے چھوڑیں، ووٹ چوری اور فراڈ کیسے ختم ہوگا، اس کی بات کریں ۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کے تاخیر سے اعلان کی کیا وجوہات ہیں، وہ قوم کو بتائیں، ڈرامے نہ کریں ، 2018 میں آرٹی ایس بٹھا کر مسلط ہونے والے عمران صاحب کو الیکڑانک مشینیں ہی ووٹ دیں گی، عوام کا آٹا چینی دوائی بجلی گیس چوری کرنے والوں کو پاکستان کے عوام ووٹ نہیں دیں گے ، پوری دنیا میں فیل ہونے والا نظام آپ کے کمرے میں ٹیسٹ ہونے سے پاس نہیں ہوجائے گا ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کو بے روزگار کریں، معیشت تباہ کریں، خارجہ پالیسی پر ناکام رہیں اور پھر ووٹ چوری کریں، واہ عمران صاحب، سیاسی ناقدین، آزادمیڈیا کا گلا دبا کر عمران صاحب شفاف انتخاب کا فراڈ کرنے جارہے ہیں ، عمران صاحب کو عوام کی رائے پر اعتماد ہوتا تو مشین کے پیچھے نہ چھپتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں