ووٹنگ مشین اور میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کومسترد کرتے ہیں

اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی لانے سے آپ کی نالائقی ، نااہلی اور کرپشن نہیں چھپے گی، عوام کا ووٹ دینے کا حق چھیننے دیں گے اور نہ ہی اظہار کی آئینی آزادی سلب کرنے دیں گے ، مغرب کی مثالیں دینے والا آئینی حقوق، جمہوریت اور شہری آزادیوں کے معاملے میں بدترین آمرنکلا ، عمران خان کی الیکشن ووٹنگ مشین اور میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی دونوں کو مسترد کرتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کی الیکشن ووٹنگ مشین اور میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی دونوں غیر آئینی ہیں ، اُس دھوکے کو چھپانے کا بندوبست ہے ، الیکشن چور وزیراعظم کی الیکشن اصلاحات اور میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کالا قانون ہے ، الیکشن ریفارمز کا غیر آئینی قانون پارلیمان میں بلڈوز کروایا اور اب میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کالے قانون کو پاس کرانے کی تیاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب چاہتے ہیں کہ ان کی سرپرستی میں کرپشن جاری رہے اور کوئی نہ بولے ، عمران صاحب چاہتے ہیں کہ آٹا،چینی، دوائی، گیس، بجلی کے نام پر قوم کو لوٹتے رہیں اور کوئی نہ بولے ، چور کرپٹ اور جھوٹا ٹولہ چاہتا ہے کہ کشمیر فروشوں سے کوئی سوال نہ کرے ، عمران خان مافیا پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی چاہتی ہے کہ اُن کو کوئی بے نقاب نہ کرے ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب چاہتے ہیں کہ وہ ملک کی معیشت کو قتل کریں، بے روزگاری کا عذاب لائیں اور کوئی نہ بولے ، عمران صاحب چاہتے ہیں کہ وہ ملک اور عوام کے مفادات کو اپنی کرپشن نالائقی کی بھٹی میں پھینکیں اور کوئی تنقید نہ کرے، عمران صاحب سچ بولنے والوں کو آپ ختم نہیں کرسکتے اور نہ ان کی زبانوں کو غلام بنا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں