’قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد جلد مکمل کیا جائے‘

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے عمل کو صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے جلد مکمل کیا جائے۔

قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر شفقت محمود، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، پارلیمانی سیکریٹری محترمہ وجیہہ اکرم اور وفاقی وزارت تعلیم کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کو نصاب تعلیم میں شامل سیرت آلنبیﷺ کی تعلیمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ شفقت محمود نے بتایا کہ اس ضمن میں تمام مکاتب فکر خصوصا علماء کرام سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ اساتذہ کی ٹریننگ اور امتحانات کے معیار پر توجہ دی گئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سیرت النبیﷺ ہی ہماری نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ نبی آخر الزماںﷺکی سیرت کا سب سے اہم پہلو اخلاق و آداب اور حسن معاشرت ہے۔ تمام معاشرتی مسائل کا بہترین حل سیرت النبیﷺ کی تعلیمات میں موجود ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ تاریخ اسلام کے ساتھ ساتھ رسول اللہﷺ کی حیات مبارکہ سے ماخذ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے اور سمجھائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں