پی ایس ایل 2021 : ٹکٹوں کی قیمتوں اور تماشائیوں کیلئے پروٹوکولز کا بڑا اعلان

لاہور(پبلک نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 : ٹکٹوں کی قیمتوں اور تماشائیوں کے لیے پروٹوکولز کا اعلان کر دیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کے مطابق پی سی بی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے لیگ میچز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کوالیفائر، دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی ٹکٹوں کی قیمتوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ایونٹ کے لیگ میچز 20 فروری سے 16 مارچ تک کراچی اور لاہور میں جاری رہیں گے۔کرکٹ فینز کے لیے ایونٹ کے لیگ میچز کی ٹکٹیں www.bookme.pk پر دستیاب ہوں گی۔ ٹکٹنگ پارٹنر کی اس ویب سائٹ پر آن لائن ٹکٹوں کی فروخت بدھ کی صبح 10 بجے شروع ہوگی۔بک می ڈاٹ پی کے نے فینز کی سہولت کے لیے ایک فون نمبر (03137786888) بھی مخصوص کردیا ہے۔

کوئی بھی شخص فون کال کر کے اپنا ٹکٹ خرید سکتا ہے۔ اس عمل کے لیےا پنا شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر دینا لازمی ہوگا۔ جب مذکورہ شخص کی ٹکٹ کنفرم کردی جائے گی تو اسے اپنے رجسٹرڈ کروائے گئے فون نمبر پر ایک ٹوکن نمبر بھیجا جائے گا، جس پر ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے ٹکٹ کی رقم جمع کروائی جاسکے گی۔ پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فیملیز کے لیے چند انکلوژرز مخصوص کردئیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں