’ پنجاب میں ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کبھی کامیاب نہ ہو گی ‘

لاہور(پبلک نیوز)‌ فیاض الحسن چوہان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلاول وہ بلا ہے جو کراچی سمیت سندھ کو کھا چکی ہے، بلاول کے کرپٹ باپ کے پاپ تاریخ میں کالے حروف سے لکھے جا چکے ہیں.

صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں تباہی اور بربادی کی داستانیں بچے بچے کی زبان پر ہیں، بلاول یاد رکھے کہ اس کی رگوں میں بھٹو کا نہیں بلکہ مسٹر 10 پرسنٹ کا خون شامل ہے، سندھ کے سند یافتہ ڈاکوؤں کی پنجاب میں ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کبھی کامیاب نہیں ہوگی، جنوبی پنجاب کے باشعور اور غیور عوام نے بلاول اور اس کی تانگہ پارٹی کو آئینہ دکھا دیا ہے.

ان کا کہنا تھا کہ ہر جگہ ناکامی کے بعد یہ لاڈلا جنوبی پنجاب سے بھی ناکامی کا میڈل سجائے واپس جا رہا ہے، کرپشن کی بہتی گنگا میں اشنان کرنے والوں کی پنجاب کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں، بلاول کو اپنے قد کے حساب سے بات کرنی چاہیئے، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی شرافت، دیانت اور خدمت کی سیاست ان کو کھٹکتی ہے، ن لیگ سے بھیک مانگنے والے اس لاڈلے کی ذہنی حالت پر ترس آتا ہے، مسلم لیگ (ن) اورپیپلز پارٹی نے اپنے ادوار میں جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا.

ترجمان پنجاب حکومت کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنے دور میں الگ صوبہ بنانا تو دور، یہ لوگ جنوبی پنجاب کے فنڈ بھی چوری کرتے رہے، یہ لوگ اپنے دور میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کھوکھلے نعروں کا لالی پاپ دیتے رہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا جائز حق واپس کیا ہے، تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کرنے کا اعزاز بزدار حکومت کو حاصل ہوا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس کو کابینہ اتفاق رائے سے منظور کر چکی ہے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز کو انتظامی لحاظ سے خودمختار بنایا گیا ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کو اپنے کام کے سلسلے میں اب لاہور نہیں آنا پڑے گا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں