کیوی ٹیم کا میچ کھیلنے سے انکار ، پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخ

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز منسوخ ہونے کا امکان ، راولپنڈی سٹیڈیم میں ہونے والا ون ڈے میچ بھی ملتوی کر دیا گیا ، پی سی بی کی طرف سے باضابطہ طور پر ابھی تک میچ ملتوی ہونے کا اعلان کیا گیا ہے، کھلاڑیوں کو ابھی اپنے کمروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ آج صبح ، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ہمیں بتایا کہ انہیں کچھ سیکورٹی الرٹ سے آگاہ کیا گیا ہے اور انہوں نے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی اور حکومت پاکستان تمام آنے والی ٹیموں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرتے ہیں۔

ایک دوسری ٹویٹ میں پی سی بی کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ ہم نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دلانے کی کوشش کی کہ ہمارے سکیورٹی انتظامات فول پروف ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے ذاتی طور پر بات کی اور انہیں بتایا کہ ہمارے پاس دنیا کا بہترین انٹیلی جنس سسٹم ہے اور آنے والی ٹیم کے لیے کسی قسم کا کوئی سیکورٹی خطرہ موجود نہیں ہے۔

مزید ٹویٹس میں پی سی بی نے لکھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے ساتھ سکیورٹی حکام یہاں قیام کے دوران حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے سیکورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں، پی سی بی شیڈول میچز جاری رکھنا کا خواہشمند ہے۔ تاہم ، پاکستان اور دنیا بھر میں کرکٹ سے محبت کرنے والے اس آخری منٹ کی واپسی سے مایوس ہو جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو اس حوالے سے دوشنبہ میں ایمرجنسی صورتحال کے بارے میں بتایا گیا، انہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے اس حوالے سے رابطہ کیا لیکن آخر کار نیوزی لینڈ کے ساتھ یہ سیریز منسوخ کرنے کا اعلان ہی کرنا پڑا۔

اس حوالے سے افواہیں اس وقت گردش کرنے لگیں جب آج راولپنڈی ون ڈے میچ کا وقت آن پہنچا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا اور اپنے کمروں سے ہی نہ نکلے تو معلوم ہوا کہ افواہوں میں حقیقت تھی۔

ان افواہوں کے بعد سیریز ملتوی یا منسوخ ہونے کے حوالے سے قیافے لگائے جا تے رہے لیکن اب پی سی بی کی طرف سے باقاعدہ طور پر اس بات کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے ، ابھی سکیورٹی خدشات کو وجہ قرار دیا گیا ہے لیکن یہ بھی قیاس کیا جا رہا ہے کہ شائد وجہ کچھ اور ہو جو بعد میں سامنے آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں