عمران خان بیروزگار ہوں گے تو عوام کو روز گار ملے گا

لاہور ( پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب جب تک بے روزگار نہیں ہوں گے، عوام کو روزگار نہیں ملے گا ، لیبر فورس سروے ایک کروڑ نوکریاں دینے کے عمران صاحب کے وعدے کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے ، عمران صاحب کی وجہ سے لاکھوں کروڑوں ، گھرانوں کے چولہے بجھ گئے ۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عوام کا روزگار ختم ہوگیا لیکن عوام کو لوٹے والے اے ٹی ایم اور مافیا کو روز نوکری مل رہی ہے ، عمران صاحب کی 8 سال کی حکومت کے بعد خیبرپختونخوا بے روزگاری میں نمبر ایک ہے، کیا خوفناک تبدیلی لائے ہیں ، قومی معیشت سکڑنے سے ملک میں بے روزگاری خوفناک حد تک بڑھ چکی ہے ، سروے سے ثابت ہوگیا کہ معاشی تباہی سے لوگوں کو اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونے پڑ گئے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پہلے سال میں ہی بے روزگاری 5.8 سے 6.9 فیصد ہونا عمران صاحب کی ناکامی،نااہلی اور کرپشن کا ثبوت ہے، مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی بے روزگاری کا شکار ہوئی ہیں، اس ظلم کے عمران صاحب ذمہ دار ہیں ، سروے کے مطابق مردوں میں بے روزگاری 5.1 سے بڑھ کر5.9 فیصد ہوئی جبکہ خواتین میں بے روزگاری 8.3 سے 10 فیصد ہوگئی ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ لیبر سروے ثبوت ہے کہ خواتین بے روزگاری سے زیادہ متاثر ہوئیں، یہ ہے عمران صاحب کی اصل کارکردگی، دیہات میں خواتین کے بے روزگاری زیادہ بڑھنے سے دیہات میں غربت میںبے پناہ اضافہ ہوا ہے ، تین سال میں 50 لاکھ بے روزگار کردئیے، 2 کروڑ لوگ خط غربت سے دھکیل دئیے، عمران صاحب گھر جائیں تاکہ قوم کو ریلیف ملے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف عوام بے روزگار ہیں، دوسری طرف ان پر مہنگائی کی قیامت ٹوٹ پڑی ہے، ملک کو مہنگا ترین اور عوام کو بے روزگار کر دیا ہے ، عوام کے پاس نہ آٹا ، چینی ، روٹی ، بجلی گیس دوائی ہے اور نہ روزگار ، تین سال سے عوام مہنگائی معاشی تباہی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں