عمران خان عالمی لیڈروں پر سبقت لے گئے، امریکی صحافی

واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) امریکی صحافی گلین بیک نے وزیر اعظم عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے، ایک ایسے وقت میں جب افغانستان میں پھنسے ہوئے صحافیوں اور غیر ملکیوں کو بچانے کیلئے کوئی لیڈر بھی آگے نہیں آرہا تھا پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنی محبت ، وسائل، آرمی کے ساتھ ہماری مدد کی اور غیر ملکیوں کو افغانستان سے بحفاظت نکالا۔

معرف امریکی صحافی گلین بیک نے اپنے جذبات کا اظہار ان گنت ٹویٹس میں ایک ساتھ کر دیا انہوں نے ٹویٹ کی کہ ہم نے دنیا بھر کے سیاسی اور سول سوسائٹی کے متعدد رہنماؤں سے مدد مانگی مگر ان کی خاموشی چونکا دینے والی تھی، ہماری کچھ فون کالز اور درخواستوں کو جواب دینے کے قابل ہی نہیں سمجھا گیا اور کچھ نے رسمی سا جواب دیا لیکن ہمیں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سےفوری جواب موصول ہوا اور انہوں نے فوری طور پر مدد پر آمادگی ظاہر کی۔

گلین بیک نے ٹویٹ کیا کہ ان کوششوں کا مقصد افغانستان میں بے گناہ متاثرین کو بچانا تھا جنہیں موت کا سامنا کرنا پڑسکتا تھا ، اگر انہیں جنگ زدہ ملک میں چھوڑ دیا جاتا ، وزیر اعظم عمران خان نے سیاست ، نسل ، مذہب یا ثقافت سے بالاتر ہو کر معصوم جانوں کو بچانے میں پیش قدمی کی۔

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ ہم نے دیکھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ کسی دوسرے عالمی رہنما نے مدد کیلئے پہل نہیں کی ، ان کے پاس موقع تھا کہ وہ اپنے اقتدار کو بے گناہ انسان کو بچانے کے لیے استعمال کریں مگر ایسا نہیں ہوا، وزیر اعظم عمران خان نے اس وقت احسان کیا اور کبھی ہمارے مقاصد پر سوال نہیں اٹھایا۔

گلین بیک نے لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جلدی سےاقدامات کئے اور افغانستان میں مزار شریف سے روانہ ہونے والے پہلے تین طیاروں میں سوار افراد کے لیے زندگی اور موت کے درمیان فرق کو واضح کرنے میں کامیاب ہو گئے، جن لوگوں کو بچایا گیا ان میں بہت سے امریکی شہری بھی تھے۔

اپنی ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی انتھک قیادت اور پاکستان کے فوجی اور سویلین وسائل کی مدد کی وجہ سے طالبان نے تین طیاروں کو اجازت دی ، اب آپ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں افغانستان سے نکلنے والوں کے بارے میں بہت کم پڑھ رہے ہوں گے، یہ عالمی کہانیاں ہیں، کچھ افراد کا گھر والوں اور دوستوں نے استقبال کیا اور کچھ ایسے ملک میں اترے جہاں پر ان کا کوئی دوست نہیں تھا۔

انہوں نے تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے وقت ، توانائی، پیسہ ، جذبہ اور محبت قابل تعریف ہے، ان پر تنقید کرنے والوں کے پاس اپنا ایجنڈا ہو سکتا ہے لیکن انہوں نے افغانستان میں جانیں بچانے میں مدد کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں