’کورونا وبا کے دوران آن لائن فاصلاتی تعلیم کی اہمیت بڑھ گئی ہے‘

اسلام آباد (پبلک نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ ایچ ای سی جدید دور کی بدلتی ضروریات اور عالمی معیار کے مطابق فاصلاتی تعلیمی پالیسی مزید بہتر بنائے۔ کورونا وبا کے دوران آن لائن فاصلاتی تعلیم کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے آن لائن فاصلاتی تعلیمی پالیسی پر بریفنگ دی گئی۔ آن لائن فاصلاتی تعلیمی پالیسی کا بنیادی مقصد قواعد ، ہدایات اور کم سے کم معیار کا تعین کرنا ہے۔ آن لائن فاصلاتی تعلیمی پالیسی کے تحت یونیورسٹیوں کو آن لائن اور فاصلاتی تعلیم کی اجازت دی جائے گی۔ پالیسی پبلک اور پرائیویٹ جامعات کے سٹیک ہولڈرز، فاصلاتی تعلیم اور ای لرننگ کے ماہرین سے مشاورت کے بعد بنائی گئی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ فاصلاتی تعلیم کے پروگرام کو مرکزی تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ آن لائن فاصلاتی کورسز کا مواد مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق وضع کیا جانا چاہیے۔ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلباء کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے ورچوئل یونیورسٹی کے آن لائن اور فاصلاتی تعلیم کے پروگراموں کی تعریف کی ان کا کہنا تھا کہ زیر تعلیم طلباء کی تعداد میں اضافے کیلئے ورچوئل یونیورسٹی جیسے اداروں کی کاوشیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں