کراچی (پبلک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فیصل واوڈا کی مشکلات میں اضافہ، الیکشن ٹربیونل نے سینیٹ کے لئے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظورہونے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا سے کل تک جواب طلب کرلیا، الیکشن ٹربیونل نے فیصل واوڈا کو پیش ہو کر وضاحت کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سینٹ کے لئے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل الیکشن ٹریبیونل میں دائر کی گئی۔ وفاقی وزیر کے دہری شہریت رکھنے سے متعلق دستاویزات ٹریبیونل میں پیش کی گئیں۔
موقف اپنایا کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے۔ ریٹرنگ افسر کے سامنے اعتراضات دائر کئے مگر انہوں نے سننے سے انکار کردیا۔ فیصل واوڈا حقائق چھپانے پر عوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ فیصل واوڈا صادق اور امین نہیں رہے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں اور فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔
الیکشن ٹریبونل نے الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کردیئے۔ کل تک جواب طلب کر لیا، فیصل واوڈا کو پیش ہو کر وضاحت کرنے کا حکم دے دیا۔