پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلادیش کو شکست دیدی

ڈھاکا؛ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان بنگلادیش کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی. پاکستان نے 128 رنز کا ہدف 19 اعشاریہ 2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا.

پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلادیش کو 4 وکٹ سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی۔پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور خوشدل شاہ نے 34،34 جبکہ شاداب خان نے 10 گیندوں پر 21 اور محمد نواز نے 8 گیندوں پر18 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

اس سے قبل بنگلا دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا۔ پاکستانی بائولرز نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو مقررہ 20 اوورز میں 127 رنز تک محدود رکھا۔ پہلی وکٹ پاکستانی بولر حسن علی نے لی جس کے بعد بنگلا دیشی کھلاڑیوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور یکے بعد دیگرے کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3، محمد وسیم جونیئر نے 2 جبکہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر محمود اللہ کا کہنا تھا تمیم اقبال اور مشفیق الرحیم کی غیر موجودگی میں نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بولنگ کا ہی فیصلہ کرتے، ہم بنگلا دیش کو 140 سے 150 کے اندر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے والی قومی ٹیم کے چار کھلاڑی آج بنگلا دیش کیخلاف ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ محمد حفیظ سیریز سے دستبردار ہو چکے ہیں جبکہ شاہین آفریدی کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔ آصف علی اور عماد وسیم پہلے میچ کے لیے اعلان کردہ 12 قومی کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں