ڈبلیو ڈبلیو ای کے ریسلر سیٹھ رولنز پر حملہ

نیویارک: (ویب ڈیسک) نیویارک پولیس نے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے ریسلر سیٹھ رولنز پر حملہ کرنے والے 24 سالہ نوجوان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

سیٹھ رولنز کا شمار ریسلنگ کمپنی کے بڑے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق ورلڈ چیمپین بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا اصلی نام کولبی لوپیز ہے۔

اس واقعے کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈبلیو ڈبیلو ای کے مشہور ایونٹ ’منڈے نائٹ را‘ میں اپنے مقابلے کے بعد سیٹھ رولنز واپس جا رہے ہیں کہ اچانک کہیں سے ایک نوجوان آ کر ان پر حملہ کر دیتا ہے۔

اس وائرل ویڈیو میں نامعلوم شخص اور سیٹھ رولنز کو آپس میں لڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر وہاں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے دونوں کے درمیان بیچ بچائو کرایا۔ اس حملے میں سیٹھ رولنز محفوظ رہے جبکہ ملزم کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ ’ڈبلیو ڈبلیو ای‘ ایک انٹرٹینمنٹ کمپنی ہے اور یہاں رنگ کے اندر اور باہر لڑائیاں سکرپٹ کا حصہ ہوتی ہیں۔ تاہم یہ واقعہ سکرپٹ کا حصہ نہیں تھا۔

کھیلوں کی ویب سائٹ ’ای ایس پی این‘ کے مطابق ریسلنگ کمپنی کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای اپنے پرفارمرز کی حفاظت کو انتہائی سنجیدگی سے لیتی ہے۔ جس ملزم نے سیٹھ رولز پر حملہ کیا، اسے نیویارک پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، اس کے خلاف قانون کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں