لاہور(پبلک نیوز) نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار نہیں ہے تو اسے غیر جانبدار ہونا چاہیے، بیس پریزائیڈنگ افسر دھند میں اغواء ہو گئے، بڑی منظم دھاندلی کی گئی، فائرنگ کر کے ووٹرز کو ہراساں کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے پولنگ اسٹیشنز کو بند کر دیا، عوام کہہ رہی تھی دروازہ کھولو، ووٹ ڈالنا ہے، دور، دور تک شیر کے ووٹرز تھے، ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز کے باہر رکھا گیا، یہ ووٹ کے تھیلے اٹھا کر بھاگ رہے تھے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن جیت رہی تھی، انہوں نے دھندکی آڑ افسران کو اغوا کر لیا، الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز بھی کہہ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز ڈٹے رہے، وہ وقت دور نہیں جب ان کو بھگتنا پڑے گا، ہر آنے والا دن ان کوذلیل خوار کر رہا ہے، براڈشیٹ میں ان کولینے کے دینے پڑ گئے اور پوری دنیا کے سامنے ان کی بدنامی ہوئی۔