ارطغرل غازی کیساتھ دھوکا کرنے والا فراڈیا ضمانت پر رہا

لاہور: (ویب ڈیسک) ترک ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انگین التان سے فراڈ کرنیوالے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت نے ترک اداکار سے فراڈ کرنے کے الزام میں گرفتار ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو 12 مختلف مقدمات میں ضمانت منظور ہونے پر رہا کردیا۔ رپورٹ کے مطابق جیل حکام نے عدالتی احکامات کے بعد کاشف ضمیر کو رہائی دیدی ہے۔

کاشف ضمیر کیخلاف ترک اداکار انگین التان کی مدعیت میں لاہور کے تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم کاشف ضمیر نے چوہدری گروپ آف انڈسٹریز کی شوٹنگ کیلئے انگین التان کو پاکستان بلوایا لیکن یہاں آنے پر کاشف ضمیر کی جانب سے رقم ادا نہ کی گئی۔ تُرک اداکار کی جانب سے رقم کا تقاضہ کرنے پر ملزم نے معاہدہ ہی منسوخ کردیا تھا۔

ترک اداکار کی درخواست پر کاشف ضمیر کو 18 جون 2021ء کو حراست میں لے لیا گیا تھا، جس کے بعد پتا چلا کہ اس کیخلاف پہلے بھی فراڈ اور دھوکہ دہی کے مقدمات درج ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں