اہم انٹرنیشنل کرکٹر نے پی ایس ایل 7 کھیلنے سے معذرت کرلی

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے کرکٹر نوین الحق نے پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن کھیلنے سے معذرت کرلی ہے۔ انہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سلور کیٹگری میں منتخب کیا تھا۔

نوین الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 7) کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

افغان کرکٹر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک زبردست ایونٹ ہے۔ تاہم میں امید کرتا ہوں کہ اگلے سیزن میں اس کا حصہ ضرور بنوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں پی ایس ایل کا حصہ نہ ہونے پر دکھی ہوں۔

خیال رہے کہ 2020ء میں کھیلی گئی لنکن پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران نوین الحق اور شاہد آفریدی کے درمیان ایک تنازع سامنے آیا تھا۔ دراصل میچ کے دوران نوین الحق نے بائولنگ کراتے ہوئے پاکستانی کھلاڑی محمد عامر پر جملے کسے تھے۔ ان کی یہ حرکت شاہد آفریدی کو پسند نہیں آئی تھی۔ انہوں نے میچ کے اختتام پر افغان کرکٹر کو سب کے سامنے جھاڑ پلا دی تھی۔

بعد ازاں اپنی ایک ٹویٹ میں شاہد آفریدی نے لکھا تھا کہ ’نوجوان کھلاڑی کے لئے میری سادہ سی ہدایت تھی، کھیلیں اور نامناسب الفاظ کے استعمال میں مت پڑیں۔ افغانستان کی ٹیم میں میرے دوست اور ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ اپنی ٹیموں کی ساتھیوں اور حریفوں کے لئے احترام رکھنا گیم کی سپرٹ ہے۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں