میوزک کنسرٹ کے دوران آئمہ بیگ سے لڑکوں کی بدتمیزی

گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ میوزک کنسرٹ سننے کے لیے آنے والے مداح لڑکوں کی بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔آئمہ بیگ نے حال ہی میں پنجاب گروپ آف کالج (پی جی سی) کے میوزک ٹوئر کے دوران گوجرانوالہ میں گرلز اینڈ بوائز کالج میں پرفارمنس کی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوگئیں۔

گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام پر بھی گوجرانوالہ گرلز کالج میں کی گئی پرفارمنس کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔ اس دوران گلوکارہ کی پرفارمنس کو سراہا گیا اور لوگوں نے ان کے انداز و لباس کو بھی سراہا۔مگر ساتھ ہی گلوکارہ کی بوائز کالج میں پرفارمنس کے دوران ان سے لڑکوں کی جانب سے کی جانے والی بدتمیزی کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی اور لوگوں نے کنسرٹ سننے کے لیے آنے والے لڑکوں پر سخت تنقید کی۔گلوکارہ کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب وہ اسٹیج پر پرفارمنس کر رہی تھیں تب انہوں نے ایک لڑکے کو بدتمیزی کرنے پر جھاڑ پلائی اور منتظمین کو کہا کہ مذکورہ لڑکے کو پیچھے ہٹایا جائے۔


ویڈیو میں گلوکارہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ اگر ان کے ساتھ یوں ہی بدتمیزی جاری رہی تو وہ اسٹیج چھوڑ کر چلی جائیں گی۔ساتھ ہی آئمہ بیگ نے کنسرٹ سننے والوں کو کہا کہ صرف ایک شخص کی وجہ سے باقی سب بھی ان کی پرفارمنس دیکھنے سے محروم رہ جائیں گے، جس پر مداحوں نے ان سے معافی مانگی۔

مداحوں کی جانب سے معافی مانگے جانے پر آئمہ بیگ نے انہیں بتایا کہ وہ ان کے لیے ہی پرفارمنس کرنے آئی ہیں اور وہ انہیں پرفارمنس دکھا کر ہی جائیں گی۔

واضح رہے کہ آئمہ بیگ سے قبل گزشتہ ہفتے عاطف اسلم کے اسلام آباد میں ہونے والے ایک میوزک کنسرٹ میں بھی بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ کنسرٹ کے دوران خاتون کے ساتھ بدتمیزی کیے جانے کے بعد عاطف اسلم میوزک کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں