پاکستان کو چھ فٹ 8 انچ قد کا نیا تباہ کن بائولر مل گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کو دراز قد بائولر محمد عرفان کے بعد ایسا نوجوان مل گیا ہے جسے شعیب اختر اور محمد آصف سے بھی تباہ کن قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

اس نوجوان کا نام محمد ذیشان ہے۔ فیصل آباد کے نواحی گائوں کے رہائشی اس بائولر کا قد 6 فٹ 8 انچ ہے۔ اس وقت یہ ہونہار کھلاڑی پاکستان کی انڈر نائٹین ٹیم میں اپنی بائولنگ کا جادو دکھا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے محمد ذیشان کی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے اسے آئندہ ورلڈ کپ کھیلنے والے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر محمد ذیشان کی ایک مختصر ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایسی تباہ کن بائولنگ کر رہے کہ دیکھنے والوں کے ذہنوں میں شعیب اختر اور محمد آصف کی یاد تازہ ہو گئی ہے۔

اس ویڈیو میں محمد ذیشان اپنا سامنا کرنے والے بیٹر کو لگاتار بائونسر مارتے نظر آ رہے ہیں لیکن اسے گیندیں سمجھ ہی نہیں آ رہیں جبکہ وکٹ کیپر کو بھی یہ تیز بال پکڑنے میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین جہاں ایک طرف محمد ذیشان کی بائولنگ کو سراہتے نظر آئے وہیں وکٹ کیپر حسیب اللہ خان کی پھرتی اور برق رفتاری سے گیند پکڑنے کے سٹائل کی بھ خوب تعریف کر رہے ہیں۔

محمد ذیشان کی بائولنگ کے سحر میں مبتلا صارفین انھیں مستقبل کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کی ویڈیو کو پی سی بی کے حکام بالا کو ٹیگ کرکے انھیں ٹویٹ کر رہے ہیں۔

سابق برطانوی کرکٹر آئن پونٹ نے محمد ذیشان کی بائولنگ کی ویڈیو دیکھ کر کہا کہ یہ نوجوان بھرپور صلاحتیوں کا مالک اس کی گیند بازی جاندار ہے بلکہ اس میں تکنیکی ٹیلنٹ بھی موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں