خانہ کعبہ اور مسجد نبوی میں اعتکاف کی اجازت

ریاض: سعودی عرب میں مقدس مقامات کی خدمات پر مامور کمیٹی نے دو سال بعد خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کی اجازت دیدی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں نمایاں کمی کے بعد کورونا پابندیوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔رواں سال سعودی عرب میں مقدس مقامات کی خدمات پر مامور کمیٹی نے ماہ رمضان کی مبارک سعادتوں کو اذکار اور عبادات سے سجانے کیلئے اہم فیصلے کیے ہیں۔جن کے تحت رمضان میں عمرہ اور عبادات کی بغیر کسی پابندی کے مکمل اجازت دیدی گئی ہے اور تمام کورونا سفری پابندیاں بھی ختم کردی گئی ہیں۔

دو برس سے فرزندگان توحید بیت الحرام اور روضہ نبوی ﷺ میں اعتکاف پر بیٹھنے کیلئے بے چین تھےتاہم سعودی حکومت کے اس سال اعتکاف کی اجازت کے بعد یہ انتظار بھی ختم ہوگیا۔

اس سے پہلے سعودی حکومت نے مقدس مساجد میں تمام کورونا پابندیاں ختم کرکے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں پوری گنجائش کے ساتھ نماز پڑھنے کی اجازت دیدی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں