شیخ رشید کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے شیخ رشیداحمد کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید احمد جیسے لوگ معاشرے میں فتنہ،اشتعال انگیز ی اورخانہ جنگی کے حالات پیدا کرتے ہیں.

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی، سستی شہرت کیلئے اوٹ پٹانگ گفتگو سے عوام گمراہ نہیں ہونگے، اگر تمہیں گرفتاری کا خوف نہیں تو اپنی ضمانت قبل ازگرفتاری کیوں کروا رہے ہو؟ مسجد نبوی پر ہونے والے توہین آمیز واقعے کے ماسٹر مائنڈ شیخ رشید تم خود ہو، یہ تمہیں پتہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے پہلے عشرے میں تم نے جدہ کے سپینسر ہوٹل میں پی ٹی آئی عہدیداروں کے ساتھ ملکر سازش تیار کی، اپنی خود غرصی اور ہوس میں تم نے تو اپنے بھتیجے کو بھی نہیں بخشا، خود مزے سے پنڈی میں عید کررہے ہو اور وہ تمہارا بھتیجا تمہاری سازش کی وجہ عید جیل میں کاٹ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے آئینی اور قانونی طریقے سے عمران نیازی کو اقتدار سے رخصت کیا ہے۔ عمران نیازی اور اسکے حواریوں کی ملک پر چھائی ہوئی چار سالہ نحوست اور بے برکتی کا خاتمہ کیا ہے۔ عمران نیازی کے پاس اختیار تھا، وقت پر فیصلہ کرتے اور اسبملیاں توڑ کر نئےالیکشن کروا دیتے، آج حکومت سے اورریاستی اداروں سے الیکشن کی بھیک کیوں مانگتے ہو؟ الیکشن کا موزوں ترین وقت کون سا ہے یہ فیصلہ اب ہم نے کرنا ہے۔ قومی خزانے کو لوٹنے اور ملک کو معاشی بانجھ کرنے کا حساب لئے بغیر الیکشن نہیں ہونگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں