جے یو آئی کا ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

پشاور: جے یو آئی نے ملک بھر میں حرمت مسجد نبوی اور عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کے زیر اہتمام کراچی اور پشاور میں بڑے اجتماعات ہونگے ، اجتماعات سے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے ۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق 17 مئی بروز جمعرات کراچی میں مزار قائد پر تاریخی جلسہ ہوگا ۔21 مئی بروز ہفتہ پشاور میں بہت بڑا جلسہ ہوگا ۔ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے تقدس کو پامال کرنے والوں کا ہر محاذ پر تعاقب کریں گے ۔ جے یو آئی مذہبی اقدار سمیت عوامی مفاد کے لئے ہر وقت میدان میں ہے۔

اسلم غوری نے کہا کہ کارکن تیاریاں شروع کردیں ، نیازی کے جھوٹے بیانیے کو دفن کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ جے یو آئی ہی وہ واحد مذہبی سیاسی جماعت ہے جس نے جمہوریت کے ساتھ ساتھ آئین کی اسلامی دفعات اور شعائر اسلام کا تحفظ کرنا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کا پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا مشن ان شاء اللہ جاری رہے گا ۔ ایک نااہل حکومت کو اقتدار سے علیحدہ کرنے میں جے یو آئی قیادت اور کارکنوں کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں