اسلام آباد کی کال پر 20 لاکھ لوگ آئیں گے، عمران خان

ایبٹ آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 20 تاریخ کے بعد جب اسلام آباد کی کال دوں گا، جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کردیں ، بیس لاکھ لوگ آئیں گے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں انسانوں کا جنون آنے والا ہے،ان کو آپ کے جنون سے خوف ہے، اسلام آباد میں صرف ایک ہی آواز ہوگی امپورٹڈ حکومت نا منظور،پاکستانی قوم امریکا سے سازش کرکے ہمارے اوپر بیٹھنے والوں کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ کے پی میں صرف ایک لوٹا نکلا،اس نے ابھی تک پشاور آنےکی جرات نہیں کی، یہ لوٹے جہاں کہیں بھی جائیں گے، دو نعرے لگیں گے، ایک ضمیرفروش چور، دوسرا نعرہ لگے گاغدار۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی منتخب حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، میں کبھی امریکا کی جنگ میں شامل ہونے یا امریکا کو اڈے دینے پر راضی نہیں تھا، امریکی چاہتے تھے مشرف کی طرح سربراہ ہو، ایک کال پر چاروں شانے چِت ہوجائے۔

عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف تم بھکاری ہو، غلام ہو، ڈاکو ہو، ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں، ساری قوم اسلام آباد پہنچ کر ایک ہی پیغام دے گی، امپورٹڈ حکومت نا منظور۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے،ساری چیزوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، میڈیا سےگزارش ہےکہ مائیک لے کردکانوں میں جائیں گھی کی قیمت ہی معلوم کرلیں، ہماری حکومت میں توآپ مائیک لےکردکانوں میں جاتےتھےکہ کہاں ہےنیاپاکستان۔انہوں نے کہا کہ جب چوری کرکے ملک سے پیسا باہر بھیجا جاتا ہے تو روپے کی قدرگرتی ہے، جب سے یہ حکومت آئی ہے روپے کی قدر گررہی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ایف آئی اے نے ان کے 16 ارب روپے پکڑے ہیں، مقصود چپڑاسی کے نام پر پیسے ہیں، عدلیہ سے پوچھتا ہوں سو موٹو نوٹس لیا، رات بارہ بجے عدالتیں کھلیں ؟ ملک کے 16 ارب روپے چوری ہوئے اور آپ کچھ نہیں کررہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوٹرل بننے کی اللہ نے ہمیں اجازت نہیں دی، بار بارکہتا ہوں، نیوٹرل جانور ہوتے ہیں، انسان کو اللہ کو جواب دینا ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں