متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان انتقال کر گئے

متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے صدارتی امور نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زید النہیان جمعہ 13 مئی کو انتقال کر گئے ہیں۔

وزارت کے بیان کے مطابق ’وزارت صدارتی امور متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات، عرب اور اسلامی قوم اور دنیا کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔‘

شیخ خلیفہ بن زید النہیان تین نومبر 2004 کو متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران بنے تھے۔

وہ اپنے والد مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے جانشین منتخب ہوئےتھے جنہوں نے 1971 میں یونین کے بعد متحدہ عرب امارات کے پہلے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ان کا انتقال دو نومبر 2004 میں ہوا۔

1948 میں پیدا ہونے والے شیخ خلیفہ متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر اور ابوظہبی کی امارات کے 16ویں حکمران تھے۔ وہ شیخ زید کے بڑے بیٹے تھے۔

متحدہ عرب امارات کا صدر بننے کے بعد شیخ خلیفہ نے وفاقی حکومت اور ابوظہبی، دونوں کی ایک بڑی تنظیم نو کی۔

ان کے دور حکومت میں متحدہ عرب امارات نے تیز رفتار ترقی دیکھی اور لوگوں کے لیے باوقار زندگی کو یقینی بنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں