‘ سپریم کورٹ نے آج لوٹوں کے ووٹ کو رد کردیا’

کوہاٹ: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شکر ہے ، سپریم کورٹ نے آج لوٹوں کے ووٹ کو رد کردیا،سپریم کورٹ نے پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا۔

کوہاٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ آج کوہاٹ کی تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ ہے، پوری طرح لائٹنگ نہیں، جو اصل تعداد ہے وہ دکھائی نہیں دے رہی، آج کوہاٹ میں حقیقی آزادی کا جذبہ دیکھ رہا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے لگی ہیں، امپورٹڈ حکومت خوف زدہ ہے،ان پر اسوقت خوف طاری ہے۔ شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کا بڑا شوق تھا، اس نے بڑی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی، شہباز شریف کے پاس جوتے پالش کرنے کا بہترین فن ہے۔ آج ن لیگ کے مقابلے میں واقعی زرداری بھاری ہے، ساری گالیاں ن لیگ کو پڑرہی ہیں اور زرداری مزے کر رہا ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ڈالرکے مقابلے میں روپیہ گر رہا ہے،ہم نے روس سے تیل خریدنے کافیصلہ کیا تھا، روس سے تیل لینے سے عوام کو 30 فیصد پیٹرول سستا ملناتھا۔انہوں نے کہا کہ کل ان کی آئی ایم ایف سے میٹنگ ہے، مریکیوں کو جانتا ہوں یہ ڈالر ایسے نہیں دیں گے، مزید غلامی کرائیں گے، یہ کہیں گے ڈالر دو ورنہ عمران خان پھر واپس آ جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ آج جو حکومت ہے یہ ہمیں کہتے رہے آپ نا اہل ہیں، ہم تجربہ کار ہیں، کدھر گیا وہ تجربہ؟ ملک کی معیشت تباہ کردی گئی ہے،جب انھوں نے ہماری حکومت گرائی سب سے زیادہ ڈالر ملک میں آرہا تھا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بیرون ملک پاکستانیوں نے پروگرام بنائے، ہم نے سب سے زیادہ برآمدات کیں، انڈسٹری کو اوپراٹھایا، پاکستان میں 50 سال بعد ہم نے ڈیم بنانا شروع کیے تھے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل:

عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لوٹوں کے خلاف فیصلے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا، شکر ہے سپریم کورٹ نے آج ان کی ووٹ کو رد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شریف نے بھی بڑی دیر سے اچکن سلوائی، اب اچکن کو بھی رکھو اور پنجاب میں مرغی کی قیمتیں بھی نیچے آجائیں گی۔ سپریم کورٹ سے ایک اور درخواست ہے کہ شریف فیملی کے کرپشن کیسز آپ سنیں کیونکہ ایف آئی اے کو تباہ کردیا ہے۔

الیکشن کرانے کا مطالبہ:

سابق وزیر اعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ ہم چوروں کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دیں گے، ہم صرف ایک چیز چاہتے ہیں الیکشن کراؤ، عوام کو فیصلہ کرنے دو قیادت کون کرے گا، امریکا سے امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب یہ باہر جاتے ہیں تو ان کی کانپیں ٹانگتی ہیں، یہ امریکیوں کی آنکھ میں آنکھ ڈال کربات نہیں کرسکتے، یہ ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہہ سکتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں