اقتدار ہاتھ آتے ہی ن لیگ فسطائیت پر اتر آئی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی اقتدار ہاتھ لگتا ہے ن لیگ فسطائیت پر اتر آتی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے مذمتی بیان میں عمران خان نے کہا کہ پرامن احتجاج ہمارے شہریوں کا حق ہے۔ پنجاب اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں کیخلاف ظالمانہ چھاپوں نے ایک مرتبہ پھر ہمیں وہی کچھ دکھایا ہے جس سے ہم واقف ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ کریک ڈاؤن کٹھ پتلیوں کی ڈوریاں تھامنے والوں پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے۔ معیشت پہلے ہی تباہی کے گڑھے میں اتر چکی ہے۔ ڈاکوؤں اور ان کے آقاؤں کو میں خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ یہ غیر جمہوری اور سفاکانہ اقدامات معاشی صورتحال میں مزید ابتری کے موجب بنیں گے اور ملک کو طوائف الملوکی کی جانب دھکیلیں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہماری حکومت کیخلاف پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نواز اور جمعیت علمائے اسلام کے جلوسوں کو روکا گیا نہ ہی ہم نے ان کے کارکنوں کیخلاف کسی قسم کی چھاپہ مار کاروائیاں کیں۔ ڈیموکریٹس اور کلپٹوکریٹس میں یہی تو فرق ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں