ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 16.97فیصد پر آگئی

اسلام آباد:ادار ہ شماریا ت کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 0.26 فیصد کم ہوکر مجموعی شرح 16.97 فیصد رہی۔

تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے، ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح0.26 فیصد سے کم ہوکر مجموعی شرح 16.97 فیصد پر آگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 5 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 10 روپے 62 پیسے سستا ہوا، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں اوسط 174 روپے 53 پیسے کمی آئی، زندہ مرغی 15 روپے 5 پیسے اور لہسن 9 روپے 37 پیسے فی کلو سستا ہوا۔

ادارہ شماریات کا رپورٹ میں کہنا ہے کہ حالیہ ہفتے 27 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آلو 3 روپے 15 پیسے، ٹماٹر 4 روپے 48 پیسے، پیاز 2 روپے 29 پیسے مہنگا ہوا جبکہ چینی کی قیمت میں 71 پیسے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔اس کے علاوہ دودھ 4 روپے 17 پیسے، دہی 3 روپے 26 پیسے فی کلو اور انڈے 9 روپے 71 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق دال چنا 4 روپے54 پیسے فی کلو، دال ماش 3 روپے 77 پیسے، گھی 4 روپے 74 پیسے اور سرسوں کے تیل میں 19 روپے 63 پیسے فی کلو اضافہ ہوا جبکہ 19 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں