قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم کردی گئی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کے بعد قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد میں کمی کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی ابتدائی رپورٹ شائع کردی ہے جس کے بعد قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم کردی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نئی حلقہ بندیوں میں فاٹا کی 6 نشستیں کم کردی گئی ہیں جس کے بعد قومی اسمبلی کے تمام حلقوں کی تعداد 272 سے کم ہو کر 266 ہوگئی ہے۔قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا کی جنرل نشستیں 51 سے کم ہو کر 45 رہ گئیں، سندھ کی جنرل نشستیں 60 سے بڑھ کر 61 ہوگئیں، پنجاب کی جنرل نشستیں141 اور بلوچستان کی 16 ہیں.

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے کہا ہے کہ ٓ ابتدائی حلقہ بندیوں پر متعلقہ حلقے کا ووٹر 30 جون تک اعتراض دائر کرسکتا ہے، جس کے بعد ای سی پی 1 جولائی سے 30 جولائی تک اعتراضات پر فیصلے کرے گا۔

حلقہ بندیوں پر اعتراضات میمورنڈم کی صورت میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کے نام جمع ہونگے، جبکہ اعتراضات اور نقشہ جات کی 8 نقول الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوں گی۔

الیشکن کمیشن نے کہا ہے کہ بذریعہ کوریئر، ڈاک یا فیکس اعتراضات قابل قبول نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ سابقہ فاٹا میں قومی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 12 تھی،لیکن قبائلی علاقوں کے خیبر پختونخواہ میں ضم ہونے کے بعد اس کی نشستوں میں کمی کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں