‘فرخ خان عمران خان کی فرنٹ پرسن بنی ہوئی تھیں’

لاہور: مریم نواز نے کہا ہے کہ فرخ خان عمران خان کی فرنٹ پرسن بنی ہوئی تھیں، ایک تالہ کھلوانے کے لیے 5قیراط کا ہیرا لیاگیا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کے پاسبان ہیں، سوشل میڈیا ٹیمیں بہتر کام کررہی ہیں، سوشل میڈیا ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتی ہوں، سوشل میڈیا کی افادیت آج بڑھ رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم سب نے ایک نئے جذبے کے ساتھ پاکستان کی خدمت کرنی ہے، پاکستان اس وقت مشکل وقت سے گزررہاہے، پاکستان کی معیشت اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے، نوازشریف نے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے دن رات محنت کی، نوازشریف کو اقتدار ملا تو اس وقت 20-20گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، نوازشریف کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں تھی انہوں نے دن رات محنت کی۔

لیگی رہنما مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ کہا گیا مشکل وقت میں حکومت کیوں لی؟، اس وجہ سے حکومت لی کہ ملک کو موجودہ صورتحال میں آگے لے کرجاناہے۔ان کا کہنا تھا کہ سابق دور میں ہر شعبے میں تباہی پھیلائی گئی، یہ لوگ صرف اپنی نااہلی کی وجہ سے حکومت سے نکالے گئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک بچہ جس کی عمر 70سال سے اوپر ہے وہ انقلاب لانے نکلا ہے، گھر سے نکلا بچہ ابھی تک گھر نہیں پہنچا، نااہل شخص نے اقتدار کی ہوس میں اسلام آباد میں جلاو گھیراو کیا، سپرپاور ملک کو دھمکیاں دینے والا آج کل راہداری ضمانت پر گھوم رہاہے۔

لیگی رہنما مریم نواز نے مزید کہا کہ فرخ خان عمران خان کی فرنٹ پرسن بنی ہوئی تھیں، ایک تالہ کھلوانے کے لیے 5قیراط کا ہیرا لیاگیا، نااہل شخص مزید رہتا تو ملک کو مزید نقصان برداشت کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں وزیراعظم شہبازشریف نے لیپ ٹاپ کا اعلان کیا، وزیراعظم نے اسپتالوں میں ادویات فراہم کرنے کی ہدایت کی، چینی کی قیمت دوبارہ70سے80روپے پر لے کر آئے ہیں، عوام سے وعدہ کرتے ہیں ملک ترقی کی نئی راہ پر چلے گا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف کے دورے پر تنقید کی گئی، عمران خان نے پاکستان کے قریبی دوستوں کو بھی دشمن بنا دیا، ترک سرمایہ کاروں کو عمران خان حکومت نے مار مار کر بھگا دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، عمران خان اس لیے بیرونی دوروں پر نہیں گئے کیونکہ اسے کوئی بلاتا ہی نہیں تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں