ورون دھون کا ابرار الحق کیلئے پیغام

بھارت کے معروف اداکار ورون دھون نے پاکستانی گلوکار ابرار الحق کے نام اپنے پیغام میں‌ ان کے گانے نچ پنجابن کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے.

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں بالی وڈ کے مشہور ہدایتکار کے پروڈکشن ہاؤس ’دھرما‘ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فلم، ’جگ جگ جیو‘ کا ٹریلر ریلیز کیا تھا کہ جس میں ابرارالحق کا 2002 میں ریلیز ہونے والے مشہور گانے ’نچ پنجابن‘ کو تھوڑا تبدیل کرکے استعمال کیا گیا تھا ۔

بعد ازاں گلوکار ابرار الحق نے بالی وڈ کے ہدایت کار کرن جوہر اور ان کے پروڈکشن ہاؤس پر بغیر اجازت کے گانا ‘نچ پنجابن’ اپنی فلم میں استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا ۔

گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا گانا ’نچ پنجابن‘ کسی بھارتی فلم کو نہیں بیچا. اس کے ہرجانے کے دعوے کے لیے میں عدالت جانے کا حق بھی رکھتا ہوں۔

تاہم بعد میں T-Series نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں یہ کہا تھا کہ ہم نے گانے کے حقوق قانونی طور پر حاصل کیے ہیں اور یہ لالی وڈ کلاسکس کے یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب ہے جو کہ پنجابی گانوں کو محفوظ کرنے والی کمپنی 1Moviebox کی ملکیت ہے۔

بعد ازاں کرن جوہر نے فلم میں گانے کا کریڈٹ ابرار الحق کو بھی دے دیا تھا . اسی حوالے سے ایک انٹرویو میں اداکار ورون دھون نے کہا ہے کہ ’میں ابرار جی کو یہی کہنا چاہوں گا کہ انہوں نے اورینجل گانا بہت بہترین گایا، ہمیں بہت اچھا لگا، جو ہماری میوزک کمپنی ہے اس نے گانے کے حقوق خریدے اور اب یہ گانا کافی اچھا چل رہا ہے ، شکریہ ابرار۔

انٹرویو میں ورون دھون نے کہا کہ فلم کی میوزک کمپنی ٹی سیریز ابرا الحق کے اوریجنل گانے کے حقوق خرید چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں