جیالو! کمر کس لو، اگلی فتح بھی آپ کی منتظر ہے، آصف زرداری

کراچی : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جیالو! اب بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے کمر کس لو، اس بار بھی فتح آپ کی منتظر ہے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخی کامیابی پر عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی درحقیقت عوام کی کامیابی ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں جیالوں کی تاریخی کامیابی عوام کے اعتماد کی عکاس ہے۔ انہوں نے بلدیاتی الیکشن میں کامیاب ہونے والے پی پی امیدواروں اور ان کی کامیابی کو یقینی بنانے والے پارٹی عہدیداران و کارکنان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جیالوں کی محنت اور عزم کا یہ تسلسل ملک میں عوام کی فیصلہ کن فتح کی نوید ثابت ہوگی۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے پارٹی کارکنان کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جیالو! اب بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے کمر کس لو، اس بار بھی فتح آپ کی منتظر ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے بلدیاتی مساٸل کو حل کرنے اور اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں