پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی20 سیریز، شیڈول جاری

آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں شرکت کرے گی۔

ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں 7 سے 14 اکتوبر تک کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں پاکستان سمیت میزبان نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستان سہ فریقی سیریز میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گا جبکہ میزبان نیوزی لینڈ سے 8 اکتوبر کو مدمقابل آئے گا۔

سیریز کا فائنل 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم 11 اکتوبر کو دوبارہ نیوزی لینڈ اور 12 اکتوبر کو بنگلا دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔

ٹرائی نیشن سیریز کے فوری بعد قومی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے آسٹریلیا روانہ ہوگی جہاں 23 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں