معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے سیاسی استحکام انتہائی ضروری ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستان کی معیشت جلد اپنے پائوں پر کھڑی ہو جائے۔ دانشور ملک میں سیاسی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے یہ بات اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی بھی قوم کی سیاسی اور معاشی آزادی کی ضمانت خود انحصاری ہوتی ہے۔ ہماری اصل منزل مقصود پاکستان کو خود انحصار بنانا ہے۔ اس کے بغیر کوئی ملک آزادانہ فیصلے نہیں کر سکتا۔

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم نے قوم کی تقدیر کو بدلنا ہے تو ہمیں مل کر فیصلہ کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے حصول کے بغیر یہ سب بے معنی ہے۔ اگر آج ہم مل کر فیصلہ کر لیں تو ملک کی قسمت بدل جائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک قدرتی وسائل کی بے بہا دولت سے مالا مال ہے لیکن اس کو ہم نے آج تک استعمال ہی نہیں کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ریکوڈک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں اربوں ڈالر کا خزانہ موجود ہے۔ کیس لڑتے لڑتے ہم نے اربوں روپے ضائع کر دیے لیکن اس قدرتی خزانے سے ایک دھیلا تک نہیں کمایا۔

ان کا کہنا تھا کہ حویلی بہادر شاہ ٹو بجلی کا ایسا جدید منصوبہ ہے جس سے 1250 میگاواٹ بجلی پیدا ہونا تھی۔ اس منصوبے کی تعمیر صرف دو سال کے عرصے میں ہوجانا تھی لیکن اس کو ابھی تک مکمل ہی نہیں کیا جا سکا ہے۔ اس پراجیکٹ سے عوام کو ناصرف سستی بجلی بلکہ روزگار بھی ملنا تھا لیکن قوم کا پیسہ ضائع کر دیا گیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ چین سے ملنے والے 2 ارب ڈالرز کو خاص طور پر پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہم ملک میں جاری بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے کوئلہ برآمد کر رہے ہیں جس سے دو ارب روپے کی بچت ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں