مون سون بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتہ کے دوران مون سون بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بیشتر علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں اورآج سے مون سون ہوائیں زیادہ شدت کے ساتھ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 3 روز میں کشمیر،گلگت بلتستان،اسلام آباد، راولپنڈی، مری ، اٹک اورچکوال میں بارش کی پیشگوئی ہے اس کے ساتھ جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ،گجرات، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔جھنگ ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین،ساہیوال، اوکاڑہ ،بھکر، لیہ، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانپور میں بھی بارش متوقع ہے۔

سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور،مردان اور صوابی میں بھی بارش کا امکان ہے۔نوشہرہ ، کرم ،وزیرستان،کوہاٹ، بنوں، لکی مروت اورڈی آ ئی خان میں وقفے سے موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے اور اگلے 3 روز کے دوران کوئٹہ،چمن،ہرنائی، ژوب، زیارت، بارکھان اور لورالائی میں مزید بارش کی پیشگوئی ہے۔بولان ،کوہلو، قلات، خضدار،لسبیلہ ، نصیر آباد، جعفر آباد،سبی، دادو،سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد،لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔اس کے ساتھ موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد ، شکر گڑھ، سیالکوٹ اور نارووال کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

ایبٹ آباد،مانسہرہ، دیر ،کرک،بنوں، لکی مروت، کشمیر ، لورالائی ،بارکھان،کوہلو، موسی خیل، شیرانی، سبی ، بولان اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے اور موسلادھار بارش کے باعث دریائے راوی، جہلم اور چناب کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر،گلیات ، مری ،چلاس، دیامیر، گلگت،ہنزہ، استور اوراسکردومیں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے اس لئے مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں اور سفر کے دوران مزید محتاط رہیں۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں