ریسکیو 1122 کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے عوام کی مددگار ریسکیو 1122 کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے اپنی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس صوبے کی تمام تحصیلوں میں ریسکیو 1122 کو توسیع دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ رواں برس پنجاب کی مزید 86 تحصیلوں میں ایمرجنسی سروس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایمرجنسی سروس کی توسیع پنجاب کی تمام تحصیلوں تک کرے گی، موٹر بائیک ریسکیو سروس کا دائرہ کار رواں برس پنجاب کے مزید 27 اضلاع تک بڑھا یاجائے گا، پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 صوبے کا قابل قدر اور باعث فخر ادارہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے سابق دور میں اس مایہ ناز ادارے کی بنیاد رکھی گئی اور آج یہ ادارہ ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی پہچان رکھتا ہے، ریسکیورز کا کام صرف ڈیوٹی نہیں بلکہ یہ انسانیت کی خدمت کے مترادف ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں