انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے غلطی سے ایک شخص سام کیوری کے اکاؤنٹ میں ڈھائی لاکھ ڈالرز بغیر کسی وجہ کے جمع کرادیے۔
سام کیوری نے ٹوئٹ میں بتایا کہ گوگل نے اگست میں پراسرار طور پر 2 لاکھ 49 ہزار 999 ڈالرز اس کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے اور اسے معلوم نہیں کہ گوگل نے اتنی بڑی رقم کیوں ادا کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں سام کیوری کا کہنا تھا کہ گوگل کی جانب سے رقم جمع کرائے کئی ہفتے ہوگئے مگر اب تک اس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔انہوں نے کہا کہ اگر کمپنی چاہتی ہے کہ وہ یہ رقم اپنے پاس رکھے تو کوئی مسئلہ نہیں۔
It's been a little over 3 weeks since Google randomly sent me $249,999 and I still haven't heard anything on the support ticket. Is there any way we could get in touch @Google?
(it's OK if you don't want it back…) pic.twitter.com/t6f7v5erli
— Sam Curry (@samwcyo) September 14, 2022
ہیکر کی جانب سے یہ رقم اب تک خرچ نہیں کی گئی بلکہ اکاؤنٹ میں رکھی ہوئی ہے تا کہ گوگل واپس لینے کی کوشش کرے تو کوئی مسئلہ نہ ہو۔
ایک انٹرویو میں سام کیوری کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ گوگل نے غلطی سے اتنی بڑی رقم اکاؤنٹ میں منتقل کی۔ان کی یہ بات صحیح ثابت ہوئی۔
سرچ انجن گوگل کے ایک ترجمان نے بیان میں بتایا کہ انسانی غلطی کے باعث ہماری ٹیم نے حال ہی میں غلط پارٹی کو رقم ادا کردی، اس غلطی کو ٹھیک کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے رقم کو واپس لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سام کیوری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ یہ جاننا چاہتا ہے کہ گوگل کی جانب سے اس طرح کی غلطیاں کیسے کی جاتی ہیں اور کمپنی کی جانب سے ایسی غلطیوں کی روک تھام کے لیے کونسے سسٹم کو استعمال کیا جاتا ہے۔